نئی دہلی،31؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)چینی فوجیوں نے ہندوستانی علاقے میں ایک کلو میٹر اندر تک دراندازی کی اور اتراکھنڈ میں چمولی ضلع کے باراہوتی علاقے میں مویشی چرا رہے چرواہوں کودھمکی دی۔پی ٹی آئی کے مطابق یہ بات آج سرکاری ذرائع نے کہی۔واضح ہوکہ اتراکھنڈمیں دیش بھکتی کادعویٰ کرنے والی اورملکی مفادکے تحفظ کی بات کہنے والی بی جے پی کی سرکارہے۔جوفوجیوں کے تئیں ہمدردی دکھاتی رہی ہے۔اورہرکسی کی دیش بھکتی پرسوالات کھڑی کرتی رہی ہے۔ایسے میں جب کہ مرکزاورریاست میں بی جے پی کی سرکارہے،سرحدوں کے تحفظ میں ناکام ہونے کااپوزیشن اس پرالزام لگا سکتاہے۔ واقعہ سے آگاہ حکام نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر کہا کہ واقعہ 25جولائی کی صبح کاہے۔بھارتی علاقے میں گھسے چینی فوجیوں نے چرواہوں کو وہاں سے چلے جانے کو کہا۔یہ واقعہ ایسے وقت ہوا ہے جب سکم کے پاس ڈوکلام میں چینی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان پہلے ہی تعطل چل رہا ہے۔